خیبرپختونخوا میں فوج کے کیپٹن سمیت چھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک، بلوچستان میں 18 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا: آئی ایس پی آر

10:4630/10/2025, Perşembe
جنرل30/10/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں بدھ کو کیے گئے ایک آپریشن کے دوران ایک فوجی افسر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ بلوچستان میں آپریشن کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

فوج کے مطابق بدھ کو سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم کے علاقے دوگر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا جس میں سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے 24 سالہ کیپٹن نعمان سلیم سمیت سیکیورٹی فورسز کے چھ اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ ان میں ایک حولدار، ایک نائیک اور تین سپاہی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم میڈیکل آفیسر تھے جنھوں نے اپنی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ 'بہادری سے شدت پسندوں کا مقابلہ کیا۔'

دوسری جانب بلوچستان میں 28 اور 29 اکتوبر کو ہونے والے آپریشنز میں 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ڈویژن کے علاقے میں واقع چلتن کی پہاڑیوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بلیدا میں بھی انٹیلی جینس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا جس میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا جب کہ چار دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

##پاکستان
##دہشت گردی
##آپریشن