بنگلہ دیش میں ایئرفورس کا تربیتی جہاز کالج پر گر گیا، 19افراد ہلاک،100 سے زائد زخمی

15:3321/07/2025, پیر
ویب ڈیسک
حادثے کی تصاویر
حادثے کی تصاویر

جہاز نے مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چھ منٹ پر پرواز کی تھی اور تقریباً ڈیڑھ بجے یہ مائل اسٹون نامی اسکول اور کالج کے کیمپس پر گر کر تباہ ہو گیا۔

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک کالج کی عمارت پر ایئرفورس کا تربیتی جہاز گرنے سے 19 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ پیر کی دوپہر ڈھاکہ کے علاقے اترا میں پیش آیا۔ بنگلہ دیش کی فوج کے مطابق گرنے والا تربیتی جہاز چینی ساختہ ’ایف سیون بی جی آئی‘ تھا۔

جہاز نے مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چھ منٹ پر پرواز کی تھی اور تقریباً ڈیڑھ بجے یہ مائل اسٹون نامی اسکول اور کالج کے کیمپس پر گر کر تباہ ہو گیا۔

بنگلہ دیش کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ تقریباً 50 افراد آگ سے جھلسنے کے بعد اس اسپتال میں لائے گئے ہیں۔ ان میں بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں جہاز گرنے کے بعد آگ لگی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے۔

واقعے کے عینی شاہد ایک ٹیچر مسعود طارق نے رائٹرز کو بتایا کہ میں نے اپنے بچوں کو پک کیا اور جب میں گیٹ کی طرف گیا تو مجھے ایسا محسوس ہوا کہ جیسے پیچھے سے کوئی چیز آئی ہے اور فوراً ہی زوردار دھماکے کی آواز آئی۔ ان کے بقول جب میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو مجھے صرف دھواں اور آگ نظر آئی۔

اسی اسکول میں زیرِ تعلیم 16 سالہ طالبہ رفیقہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ان کے اسکول میں تقریباً دو ہزار بچے پڑھتے ہیں۔ واقعے کے وقت وہ اسکول میں موجود نہیں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے ٹی وی پر ویڈیوز دیکھیں تو مجھے پتا چلا کہ یہ تو ہمارا ہی اسکول ہے۔

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے تمام ضرورت اقدامات کیے جائیں گے اور متاثرہ افراد کی مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان کے بقول ایئرفورس، طلبہ، والدین، اساتذہ اور دیگر اسٹاف کا اس حادثے میں جو نقصان ہوا، اس کی تلافی ممکن نہیں۔

یاد رہے کہ انڈیا میں گزشتہ ماہ ایئرانڈیا کا جہاز بھی ایک میڈیکل کالج کے ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوا تھا جس میں جہاز میں سوار 241 افراد کے ساتھ ہاسٹل میں موجود 19 افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔

(اس خبر میں شامل تفصیلات رائٹرز اور اے پی سے لی گئی ہیں)
##بنگلہ دیش
##جہاز حادثہ
##اسکول