اسرائیلی افواج غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی میں ملوث ہیں: ہیومن رائٹس واچ

12:071/08/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
غزہ میں غذائی قلت کا شکار ایک بچی
غزہ میں غذائی قلت کا شکار ایک بچی

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران اس وجہ سے ہے کہ اسرائیل بھوک کو شہریوں کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ یہ جنگی جرم ہے۔ اسرائیل کے اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی افواج بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے امداد کا حصول کرنے والے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جو جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

کہ غزہ میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے قائم کردہ امدادی مراکز کو ’موت کے پھندے‘ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 27 مئی سے 31 جولائی کے درمیان کم از کم 859 فلسطینی اس دوران مارے گئے جب وہ خوراک اور بنیادی اشیائے ضروریہ کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ حملے ان مقامات کے قریب کیے گئے جہاں اسرائیلی فوج کی حمایت یافتہ تنظیم غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن خوراک تقسیم کرتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرین کو بارہا امدادی مراکز کے آس پاس گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ اسرائیل دانستہ طور پر بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں امداد اور بنیادی سہولیات کی مسلسل روک تھام بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتی ہے۔

جمعے کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران اس وجہ سے ہے کہ اسرائیل بھوک کو شہریوں کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ یہ جنگی جرم ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے امداد اور بنیادی ضروریات سے بھی جان بوجھ کر محروم رکھا ہوا ہے۔ اسرائیل کے اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کی عہدے دار بلقیس ولی کے مطابق اسرائیلی فوج فلسطینی شہریوں کو جان بوجھ کر نہ صرف بھوکا رکھ رہی ہیں بلکہ وہ ہر روز خوراک کے حصول کے لیے آنے والوں کو قتل بھی کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی حمایت یافتہ اسرائیلی افواج اور پرائیویٹ کانٹریکٹرز نے امدادی سامان کی تقسیم کے لیے ایک خامیوں سے بھرا نظام ترتیب دیا ہے جس نے امداد کی تقسیم کو قتل عام بنا رکھا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینی شہریوں پر طاقت کے استعمال سے فوراً روکا جائے اور امداد پر غیرقانونی پابندیاں ختم کی جائیں۔

##اسرائیل
##غزہ
##امداد