اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائی کے لیے امریکی حمایت میں نمایاں کمی

15:2129/07/2025, منگل
ویب ڈیسک
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 60 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 60 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایک حالیہ گیلپ سروے کے مطابق اب صرف تقریباً ایک تہائی امریکی اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔ جب 2023 میں اسرائیل نے حماس کے خلاف کارروائی شروع کی تھی تو تقریباً نصف امریکی اس کی حمایت کرتے تھے۔

امریکہ کے بالغ افراد میں اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائی کے لیے حمایت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک حالیہ گیلپ سروے کے مطابق اب صرف تقریباً ایک تہائی امریکی اس کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔ جب 2023 میں اسرائیل نے حماس کے خلاف کارروائی شروع کی تھی تو تقریباً نصف امریکی اس کی حمایت کر رہے تھے۔

نئے سروے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اب تقریباً نصف امریکی اسرائیل کے وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو کو ناپسند کرتے ہیں جو 1997 کے بعد سے گیلپ سروے میں ان کے بارے میں درج ہونے والا سب سے منفی ردعمل ہے۔

گیلپ نے یہ سروے سات سے اکیس جولائی کے درمیان کیا جب غزہ میں بھوک اور قحط کی خبروں کے بعد اسرائیل کو عالمی سطح پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

سروے کے نتائج سے پتا چلتا ہے کہ امریکہ میں اسرائیلی حکومت کی حمایت ڈرامائی طور پر کم ہوئی ہے۔ لیکن ہر کسی کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔ بلکہ غزہ جنگ کے معاملے پر امریکہ میں سیاسی تقسیم بڑھی ہے۔

اسرائیل کی حمایت میں کمی خاص طور پر ڈیموکریٹس اور آزاد خیال (انڈیپنڈنٹس) کی طرف سے آئی ہے جو نومبر 2023 کے مقابلے میں اسرائیل کی کارروائیوں کو کم پسند کر رہے ہیں۔ اس کے برعکس ری پبلکنز اب بھی بڑی حد تک اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور نیتن یاہو دونوں کی حمایت کرتے ہیں۔

’زیادہ تر امریکی اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائی کو ناپسند کرتے ہیں‘

نئے سروے کے مطابق تقریباً ہر 10 میں سے چھ امریکی اب اسرائیل کی غزہ میں فوجی کارروائی کی مخالفت کرتے ہیں۔ نومبر 2023 میں 45 فی صد امریکی اسرائیلی کارروائیوں کے مخالف تھے۔

گیلپ کے سروے میں جنگ کی حمایت مسلسل کم ہو رہی ہے۔ مارچ 2024 میں تقریباً آدھے امریکی بالغ افراد اسرائیل کی کارروائیوں سے نالاں تھے اور سال کے گزرنے کے ساتھ ان کی اسرائیل سے ناراضگی بڑھی ہے۔

  • اب صرف آٹھ فی صد ڈیموکریٹس اور ایک چوتھائی انڈیپینڈینٹس اسرائیلی کارروائیوں کی حمایت کرتے ہیں۔
  • نوجوان اسرائیل کے اقدامات پر سب سے زیادہ تنقید کرنے والوں میں شامل ہیں۔ 18 سے 35 سال کے 10 نوجوانوں میں سے صرف ایک اسرائیلی کارروائیوں کی حمایت کرتا ہے جب کہ 55 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تقریباً آدھے افراد حمایت کرتے ہیں۔

نیتن یاہو کی مقبولیت میں بھی تاریخی کمی

گزشتہ چند برسوں میں امریکی عوام میں اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے لیے منفی جذبات بڑھے ہیں۔ خاص طور پر جب سے غزہ کی جنگ شروع ہوئی ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق:

  • 52 فیصد امریکی بالغ افراد نیتن یاہو کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں۔
  • صرف 29 فیصد انہیں پسند کرتے ہیں۔
  • تقریباً 20 فی صد نے یا تو ان کے بارے میں کچھ سنا نہیں یا کوئی رائے نہیں رکھتے۔

جب کہ دسمبر 2023 میں

  • 47 فی صد امریکی نیتن یاہو کے بارے میں منفی اور 33 فی صد مثبت رائے رکھتے تھے۔
  • حالاں کہ اپریل 2019 میں معاملہ اس کے برعکس تھا۔ اس وقت مثبت رائے رکھنے والے زیادہ تھے۔

اگر سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے اعتبار سے دیکھیں

  • تو تقریباً دو تہائی ری پبلکنز نیتن یاہو کو پسند کرتے ہیں۔ یہ شرح پچھلے سال کی طرح برقرار ہے۔
  • ڈیموکریٹس میں صرف 10 میں سے ایک اور انڈیپنڈنٹس میں 10 میں سے دو افراد ان کے حامی ہیں۔
(یہ تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)
##اسرائیل
##امریکہ
##غزہ جنگ