اقوامِ متحدہ میں ٹرمپ کا ایسکیلیٹر اور ٹیلی پرامپٹر کس نے بند کیا؟

09:4824/09/2025, بدھ
ویب ڈیسک
اقوامِ متحدہ آمد پر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے جیسے ہی ایسکیلیٹر پر قدم رکھا، وہ بند ہو گیا۔
اقوامِ متحدہ آمد پر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے جیسے ہی ایسکیلیٹر پر قدم رکھا، وہ بند ہو گیا۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اقوامِ متحدہ سے دو چیزیں ملی ہیں۔ خراب ایسکیلیٹر اور خراب ٹیلی پرامپٹر۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کیا تو دو چیزوں کا شکوہ کیا۔ ایک تو عمارت کا ایسکیلیٹر جو ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کے قدم رکھتے ہی بند ہو گیا اور دوسرا ٹیلی پرامپٹر جس پر دیکھ کر ٹرمپ نے اپنی تقریر پڑھنی تھی۔

اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ معمہ حل کر لیا ہے کہ ایسکیلیٹر اچانک کیوں بند ہوا تھا۔ شاید ٹرمپ کے ویڈیوگرافر نے غلطی سے اس کے سیفٹی میکینزم کو آن کر دیا تھا۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اقوامِ متحدہ سے دو چیزیں ملی ہیں۔ خراب ایسکیلیٹر اور خراب ٹیلی پرامپٹر۔

ٹیلی پرامپٹر ایک اسکرین کی طرح کی ڈیوائس ہوتی ہے جسے دیکھ کر رہنما تقریر پڑھتے ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’جو شخص بھی ٹیلی پرامپٹر چلا رہا ہے اس کے لیے مشکل کھڑی ہونے والی ہے۔‘

تاہم اقوامِ متحدہ کے عہدے دار نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے خطاب کے دوران وائٹ ہاؤس اپنا ٹیلی پرامپٹر خود آپریٹ کر رہا تھا جب کہ اقوامِ متحدہ کے ٹیلی پرامپٹر بالکل ٹھیک کام کر رہے ہیں۔

تاہم خودکار سیڑھیوں یعنی ایسکیلیٹر کے بارے میں اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ اس کے پروسیسنگ یونٹ کی ریڈنگ سے پتا چلا کہ یہ اس وقت رک گیا جب ایسکیلیٹر کے اوپر والے حصے میں موجود حفاظتی نظام متحرک ہوا۔

واضح رہے کہ ایسکیلیٹر کے دونوں سروں پر اکثر ایک سرخ رنگ کا بٹن ہوتا ہے جسے دبانے پر ایسکیلیٹر رک جاتا ہے۔ یہ کسی ایمرجنسی میں ایسکیلیٹر کو روکنے کے لیے حفاظتی نظام کے طور پر دیا جاتا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا ویڈیوگرافر الٹے قدموں ایسکیلیٹر پر چڑھ رہا تھا تاکہ صدر اور ان کی اہلیہ کی آمد کی ویڈیو بنا سکے۔ ممکن ہے کہ اس دوران اس نے غلطی سے حفاظتی نظام کو چھیڑ دیا ہو۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے اس جواب پر اب تک کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔

##ٹرمپ
##اقوامِ متحدہ
##جنرل اسمبلی اجلاس