افغانستان کے دور دراز دیہات میں ریسکیو کی کوششیں: ’نہیں معلوم کہ کتنے لوگ اب بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں‘

11:332/09/2025, Tuesday
جنرل2/09/2025, Tuesday
ویب ڈیسک
افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقے کی ایک تصویر
افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ علاقے کی ایک تصویر

عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ ٹوٹی سڑکوں، ریموٹ علاقوں اور آفٹر شاکس کی وجہ سے امداد کی فراہمی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ادارے کے مطابق زلزلے سے 12 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

افغانستان میں زلزلے کے بعد ریسکیو اہلکار کنڑ صوبے میں ان دور دراز علاقوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں تک رسائی بہت مشکل ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کنڑ کے چار دیہات میں ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے اور حکام کے مطابق مزید ریموٹ علاقوں تک پہنچنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

افغانستان میں اتوار کی رات چھ شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1400 سے زیادہ ہو چکی ہے جب کہ 3000 سے زیادہ لوگ زخمی ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی کنڑ اور ننگرہار صوبے میں ہوئی ہے۔
کنڑ صوبے کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے محکمے کے سربراہ احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ ہم واضح طور پر یہ نہیں بتا سکتے کہ کتنے لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا کتنی لاشیں موجود ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد ریسکیو آپریشن مکمل کیا جایئے اور متاثرہ افراد تک امداد پہنچائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ زلزلے سے متاثرہ کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں سڑکیں بہت تنگ ہیں جس کی وجہ سے مشینری اور گاڑیاں ان علاقوں تک پہنچانے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھی ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے۔
احسان اللہ احسان کا کہنا تھا کہ ملکی و غیر ملکی تنظیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور ریلیف کے کاموں میں مدد کر رہی ہیں۔ جلد ہی امداد کی تقسیم بھی شروع ہو جائے گی۔
عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ ٹوٹی سڑکوں، ریموٹ علاقوں اور آفٹر شاکس کی وجہ سے امداد کی فراہمی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ادارے کے مطابق زلزلے سے 12 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں کیوں کہ یہاں انڈین اور یوریشین ٹیکٹانک پلیٹس ملتی ہیں۔ اس سال ہندوکش ریجن میں کئی زلزلے آ چکے ہیں۔

سن 2022 میں بھی افغانستان کے مشرقی علاقوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ایک ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

##افغانستان
##زلزلہ
##ریسکیو