
افغانستان کے صوبے قندوز میں کابل بینک کے قریب دھماکے سے 5 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق دھماکہ صبح 8 بج کر 35 منٹ پر ہوا، قندوز پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکہ خود کش تھا، پولیس نے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کے ذمہ داروں کو پکڑنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں‘۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بینک کا سیکیورٹی گارڈ، عام شہری اور افغانستان کے حکمران طالبان گروپ کے کچھ ارکان شامل ہیں۔
تاہم ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
اگست 2021 میں جب طالبان نے اقتدار سنبھالا اور امریکی فوجیوں نے افغانستان سے انخلا کیا، تب سے ملک میں بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
تاہم داعش سمیت کئی مسلح گروہ اب بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
اکتوبر 2021 میں قندوز میں واقع ایک شیعہ مسجد میں ہونے والے خودکش حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری داعش کے خراسان ونگ نے قبول کی تھی۔
پچھلے سال مارچ میں ایک خودکش حملہ آور نے شہر قندھار میں ایک بینک کے باہر بم دھماکہ کیا، جس میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش کے علاقائی گروپ نے قبول کی تھی۔