انڈیا: حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا

14:2013/06/2025, جمعہ
جنرل13/06/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
طیارے میں سوار ایک شخص معجزانہ طور پر اس حادثے میں زندہ بچ گیا۔
تصویر : نیوز ایجنسی / روئٹرز
طیارے میں سوار ایک شخص معجزانہ طور پر اس حادثے میں زندہ بچ گیا۔

انڈیا کے شہر احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارے کا بلیک باکس مل گیا۔

یاد رہے کہ بارہ جون کو لندن جانے والا مسافر طیارہ انڈیا کے شہر احمد آباد میں ڈاکٹرز کے ہاسٹل میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں کم از کم 265 افراد ہلاک ہوئے، جن میں طیارے کے مسافر اور عملے اور ہاسٹل میں موجود لوگ شامل ہیں۔

ایئر انڈیا کا بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر جمعرات کی دوپہر کو پرواز کے فوراً بعد، زمین سے بمشکل 100 میٹر بلند ہوا تھا کہ اُس نے ایمرجنسی سگنل (می ڈے کال) دیا اور کچھ دیر بعد ڈاکٹرز کے ایک ہاسٹل میں جا گرا۔

طیارے میں سوار ایک شخص معجزانہ طور پر اس حادثے میں زندہ بچ گیا۔ اس طیارے میں کل 242 مسافر اور عملہ سوار تھا۔ طیارے کی دم (ٹیل پیس) ہاسٹل کی دوسری منزل سے باہر نکلی ہوئی دیکھی گئی۔

زندہ بچ جانے والے مسافر وِشوَش کمار رمیش، جو برطانیہ کے شہری ہیں، نے قومی نشریاتی ادارے ڈی ڈی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شروع میں مجھے لگا کہ اب میری زندگی ختم ہو چکی ہے، لیکن جب میں نے آنکھیں کھولیں تو میں نے محسوس کیا کہ میں اب بھی زندہ ہوں۔‘

عینی شاہدین کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز 171 کا اگلا حصہ اور فرنٹ ویل اُس کینٹین کی چھت پر آ گرا جہاں طلبہ دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس کانن دیسائی نے بتایا کہ اب تک 265 لاشیں گنی جا چکی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ طیارے کے مسافروں کے علاوہ زمین پر کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ انسانی باقیات کی تلاش جاری ہے۔

ایئر انڈیا کے مطابق پرواز میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، سات پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری سوار تھے، جبکہ عملے کے 12 افراد بھی جہاز میں موجود تھے۔


یہ بھی پڑھیں:




#ایئر انڈیا
#انڈیا
#طیارہ