’گوگل والٹ‘ پاکستان میں متعارف: یہ ایپ کیسے کام کرتی ہے؟

09:2313/03/2025, Perşembe
جنرل13/03/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
گوگل کے مطابق یہ والٹ ایپ دنیا کے سو سے زیادہ ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہورہا ہے۔
تصویر : کمپنی / گوگل
گوگل کے مطابق یہ والٹ ایپ دنیا کے سو سے زیادہ ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہورہا ہے۔

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہونے والا گوگل والٹ لانچ کر دیا ہے۔

گوگل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایپ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اپنے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز، لائلٹی کارڈز اور بورڈنگ پاسز جیسی چیزوں تک رسائی کا ایک محفوظ، آسان اور مددگار طریقہ ہے۔

اس کے علاوہ اس ایپ میں ادائیگیوں کو مزید محفوظ اور آسان بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ پاکستانی صارفین 12 مارچ سے گوگل پلے اسٹور سے ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کرسکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق یہ والٹ ایپ دنیا کے سو سے زیادہ ممالک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے استعمال ہورہا ہے۔

گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام تیزی سے ترقی کر رہا ہے، اور زیادہ سے زیادہ لوگ آن لائن اور کانٹیکٹ لیس ادائیگیوں کو اپنا رہے ہیں۔ اسی لیے گوگل والیٹ ایک ایسا محفوظ اور آسان حل فراہم کر رہا ہے جو صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے ادائیگی کرنے، خریداری کرنے اور سفر کرنے میں مدد دیتا ہے۔


گوگل والٹ کیا ہے؟

گوگل والیٹ کو پہلے گوگل پے کے نام سے جانا جاتا تھا۔ یہ ایک ڈیجیٹل بٹوا ہے، جہاں صارف اپنے مختلف کارڈز اور دستاویزات محفوظ کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق گوگل والیٹ کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں انکرپٹڈ ہوتی ہیں، یعنی ہر خریداری کے لیے ایک کوڈ بھیجا جاتا ہے، جو لین دین کو محفوظ بناتا ہے۔

اس ایپ میں صارفین اپنے بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل دستاویزات محفوظ کر سکتے ہیں۔ ڈیٹا کے تحفظ کے لیے انکرپشن اور جدید سیکیورٹی فیچرز استعمال کیے گئے ہیں، تاکہ معلومات محفوظ رہیں۔

اس کے علاوہ سفر کے دوران صارفین اپنے بورڈنگ پاسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ گوگل والیٹ کی بدولت صارفین کو فزیکل کارڈز ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔


گوگل والیٹ کہاں دستیاب ہوگا؟

آج سے بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک نور، ایچ بی ایل، جاز کیش، میزان بینک اور یو بی ایل کے کارڈ ہولڈرز اپنے کارڈز کو گوگل والیٹ میں شامل کر کے اپنے اینڈرائیڈ فون ڈیوائسز کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ الائیڈ بینک، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، جے ایس بینک اور زندگی میں بھی جلد ہی گوگل والیٹ میں اپنے کارڈز شامل کر سکیں گے۔

گوگل والیٹ میں شامل کیے گئے کارڈز کو نہ صرف فزیکل اسٹورز پر کانٹیکٹ لیس پیمنٹس کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے بلکہ آن لائن خریداری یا موبائل ایپس میں بھی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

مزید یہ کہ کچھ مشہور آن لائن برانڈز جیسے اونک، گل احمد، ثنا سفیناز، جے ڈاٹ پر صارفین ان برانڈز کی ویب سائٹس یا ایپس پر بھی گوگل والیٹ کے ذریعے آسانی سے ادائیگی کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ صارفین بٹک ایئر اور تھائی ایئرویز کے بورڈنگ پاسز بھی گوگل والیٹ میں محفوظ کر سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق ایپ مسافروں کو روانگی کے وقت اور گیٹ میں تبدیلیوں کے بارے میں بروقت اطلاع دے گی، تاکہ ان کا سفر آسان ہو۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جلد ہی مزید بینک کارڈز کو بھی گوگل والیٹ میں شامل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔



گوگل والٹ استعمال کرنے کا طریقہ

اگر آپ گوگل والیٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پلے سٹور سے گوگل والیٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ ایپ اوپن کرکے ’ایڈ ٹو والٹ‘ کے آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد ’ایڈ کارڈ‘ کو منتخب کریں۔

اگر آپ کا کارڈ پہلے سے گوگل اکاوٴنٹ میں محفوظ ہے، تو وہ خودبخود نظر آئے گا۔

نیا کارڈ شامل کرنے کے لیے کارڈ کی تفصیلات درج کریں یا کارڈ کو اسکین کریں۔

پھر بینک کی شرائط و ضوابط قبول کریں اور تصدیقی کوڈ کے ذریعے کارڈ ویریفائی کریں۔

اس کے بعد آپ کانٹیکٹ لیس ادائیگی، آن لائن شاپنگ اور ایپ کے ذریعے ادائیگی کر سکتے ہیں۔

#گوگل والیٹ
#ڈیجیٹل
#پاکستان