ٹرمپ کا چائنہ پر 104 فیصد ٹیرف عائد کا اعلان: آج سے 60 ممالک پر امریکی ٹیرف نافذ

08:529/04/2025, بدھ
جنرل9/04/2025, بدھ
ویب ڈیسک
ٹرمپ کا چائنہ پر 104 فیصد ٹیرف عائد کا اعلان: آج سے 60 ممالک پر امریکی ٹیرف نافذ
تصویر : روئٹرز / فائل
ٹرمپ کا چائنہ پر 104 فیصد ٹیرف عائد کا اعلان: آج سے 60 ممالک پر امریکی ٹیرف نافذ

آج سے امریکہ کو تقریباً 60 ممالک سے آنے والی اشیاء پر ٹیرف لگایا جا چکا ہے۔ حالیہ پیش رفت کے مطابق ٹرمپ نے بیجنگ پر مزید 50 فیصد ٹیرف عائد کردیا جس کے بعد چائنہ اب کُل 104 فیصد ٹیرف کا سامنا کررہا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ممالک امریکہ کی پروڈکٹس پر زیادہ ٹیرف لگاتے ہیں یا دیگر طریقوں سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سب سے زیادہ ٹیرف چائنہ کی پروڈکٹس پر عائد کیے گئے ہیں جو 104 فیصد ہے۔ چینی مصنوعات پر پہلے ہی امریکہ میں 20 فیصد ٹیرف لگایا گیا تھا، جسے ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد پچھلے ہفتے بڑھا کر 54 فیصد کر دیا گیا تھا۔ اس میں مزید 50 فیصد کا اضافہ پچھلے روز کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ اضافہ اس لیے کیا گیا کیونکہ چین نے امریکی اشیاء پر جوابی ٹیرف واپس نہیں لیے۔

چین کی وزارت تجارت نے امریکہ کی طرف سے چینی مصنوعات پر عائد کیے گئے اضافی 50 فیصد ٹیرف کی سخت مخالفت کی اور اسے امریکہ کی ایک بڑی غلطی قرار دیا۔ وزارت نے کہا کہ وہ اس کے بدلے امریکہ کی ایکسپورٹس پر اپنے جوابی ٹیرف میں مزید اضافہ کریں گے۔

امریکہ کے ساتھ تجارتی جنگ شدت اختیار کرنے کے بعد روئٹرز کے مطابق چائنہ کے سینئر ترین رہنما ایک اجلاس طلب کریں گے تاکہ معیشت کو مضبوط کرنے اور مالیاتی منڈیوں کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی اسٹاک مارکیٹس جو منگل صبح کو بڑھ رہی تھیں، چین پر مزید اضافی ٹیرف کے اعلان کے بعد نیچے آنا شروع ہو گئیں، اور دن کے آخر تک مارکیٹس میں واضح کمی آئی۔

اگرچہ چائنہ نے امریکہ پر جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ امریکہ کی ’دھمکی‘ کا مقابلہ کرے گا، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق چائنہ ٹرمپ کے ٹیرف حملے سے بے حد دباؤ میں ہے، جو نہ صرف چائنہ بلکہ ان ممالک پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں جو چینی پروڈکٹس خریدتے ہیں۔


’چین ٹیرف کے مقابلے میں کرنسی میں ہیرا پھیری کر رہا ہے‘

امریکی صدر ٹرمپ نے نیشنل ری پبلکن کانگریشنل کمیٹی کی تقریب میں کہا کہ اس وقت چین پر 104 فیصد ٹیرف عائد ہے۔ چین ٹیرف کے مقابلے میں اپنی کرنسی میں ہیرا پھیری کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف سے امریکہ روزانہ 2 ارب ڈالر کما رہا ہے، اور جاپان اور جنوبی کوریا کے نمائندے معاہدے کے لیے امریکہ آ رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ چین کسی نہ کسی وقت معاہدہ کر لے گا۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ہم فارماسیوٹیکل مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے جا رہے ہیں۔











#امریکا
#ٹیرف
#چائنہ