ترکیہ میں جنگلات کی آگ بجھانے کے دوران 10 اہلکار ہلاک

15:3324/07/2025, Perşembe
جنرل24/07/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
ترکیہ میں گرمی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے جنگلات کی آگ پھیل رہی ہے۔
ترکیہ میں گرمی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے جنگلات کی آگ پھیل رہی ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ہلاک ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جان دے کر ہمارے جنگلات کو بچانے کی کوشش کی ہے۔

ترکیہ میں جنگلات کی آگ بجھاتے ہوئے 10 فائر فائٹر اور ریسکیو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 14 زخمی ہیں۔

ترکیہ میں گرمی کی وجہ سے کئی مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ یہ فائرفائٹرز ترکیہ کے شمال مغربی صوبے ایسکی شہر کے جنگلات میں آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔

ترکیہ کے وزیرِ زراعت اور جنگلات نے کہا کہ بدھ کو آگ بجھانے کے دوران 24 فائر فائٹرز اس وقت پھنس گئے تھے جب ہوا کا رخ اچانک تبدیل ہونے کی وجہ سے آگ پھیلی اور وہ شعلوں میں پھنس گئے۔

وزیر کے مطابق ان افراد کو ریسکیو کر کے اسپتال پہنچایا گیا جہاں 10 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ان میں سے پانچ محکمۂ جنگلات کے اہلکار اور پانچ ریسکیو ورکر تھے۔ حکام کے مطابق باقی 14 افراد زخمی ہیں جن کا علاج جاری ہے۔

ترکیہ میں اتوار سے شدید گرمی پڑ رہی ہے اور تیز ہوائیں چلنے کہ وجہ سے جنگلات کی آگ پھیل رہی ہے۔ آگ سے گھروں کو بھی خطرہ ہے اور کئی دیہات میں لوگوں کو نقل مکانی بھی کرنا پڑی ہے۔

بعض علاقوں میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔ پانچ علاقوں میں اب بھی جنگلات کی آگ بھڑک رہی ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ہلاک ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جان دے کر ہمارے جنگلات کو بچانے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خدا ہمارے ان بھائیوں اور بہوں پر رحم کرے جو اپنی زندگیاں قربان کر کے ہمارے جنگلات کو بچا رہے ہیں۔ اور میں متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ اور قوم سے تعزیت کرتا ہوں۔

ترکیہ کے جنگلات میں اس سال سینکڑوں مقامات پر آگ بھڑکی ہے اور ہزاروں افراد کو اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔ اب تک جنگلات کی آگ سے 13 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ اس سے قبل بھی اسی ماہ کے آغاز میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

##ترکیہ
##جنگلات
##آگ