’بلن‘ کے نام سے مشہور کٹھمنڈو کے میئر اور سابق ریپر بلندر شاہ کو ’جین زی‘ کی جانب سے نیپال کا اگلا وزیراعظم بنانے کا مطالبہ

14:2110/09/2025, بدھ
جنرل10/09/2025, بدھ
ویب ڈیسک
 بلندر شاہ سابق ریپر ہیں جو آجکل نیپال میں نوجوانوں، خاص طور پر ’جین زی‘، میں کافی مقبول ہیں۔
تصویر : روئٹرز / فائل
بلندر شاہ سابق ریپر ہیں جو آجکل نیپال میں نوجوانوں، خاص طور پر ’جین زی‘، میں کافی مقبول ہیں۔

نیپال میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور کئی اہم رہنماوٴں سمیت ملک کے وزیرِ اعظم کے پی شرما اولی کے استعفے کے بعد کٹمندو کے میئر بلندر شاہ کو اگلے وزیراعظم کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

بلندر شاہ سابق ریپر ہیں جو آجکل نیپال میں نوجوانوں، خاص طور پر ’جین زی‘، میں کافی مقبول ہیں۔

35 سالہ میئر کو عوامی مقامات پر سیاہ بلیزر اور چشمہ پہنے بھی دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ کو ہمارا نیا وزیراعظم ہونا چاہیے‘۔

یاد رہے نیپال میں اس ہفتے کرپشن کے خلاف ہونے والے احتجاجات میں 19 افراد ہلاک ہوئے۔ ان احتجاجی مظاہروں کو ’جین زی نیپال‘ نامی گروپ نے آرگنائز کیا جسے ملک کے نوجوانوں (جو 30 سال سے کم عمر ہیں اور کل آبادی کے نصف سے زیادہ ہیں) کی حمایت حاصل ہے۔ لیکن اس کے باوجود اکثر ملک کی قیادت بوڑھے وزرائے اعظم کرتے ہیں جن کی عمر ان نوجوانوں کی دوگنی یا اس سے زیادہ ہے۔

سپریم کورٹ کے سابق جج ماہر بالرام نے کہا کہ بلندر شاہ کو نوجوان نمائندوں کے ساتھ شامل ہونا چاہیے تاکہ وہ صدر رام چندر پاؤڈیل سے بات کریں اور ملک کے اگلے اقدامات کا فیصلہ کر سکیں۔

بلندر شاہ کون ہیں؟

بلندر شاہ عام طور پر ’بلن‘ کے نام سے جانے جانے ہیں،انہوں نے 2022 کے میئر کے انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے کر نیپال کے روایتی پارٹی سسٹم کو چیلنج کیا اور سیاسی تبدیلی کی علامت بن گئے۔

1990 میں کٹمندو میں پیدا ہونے والے بلندر شاہ نے نیپال میں سول انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور انڈیا میں اسٹرکچرل انجینئرنگ میں ماسٹرز مکمل کیا۔ ٹائم میگزین نے انہیں 2023 کے ٹاپ 100 ابھرتے ہوئے لیڈروں میں شامل کیا۔

ان کا مشہور ریپ ٹریک میں ’بلیدان‘ یا ’قربانی‘ شامل ہیں جو 2020 میں ریلیز ہوئے۔ ان ٹریکس کو 11 ملین سے زائد لوگ یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔ یہ ٹریک اس لیے بھی مقبول ہیں کیونکہ اس ٹریک میں بدعنوانی، سماجی ناانصافی اور حکمرانی کی ناکامیوں پر تنقید کی گئی ہے۔

ان کے انسٹاگرام پر 8 لاکھ سے زائد لوگ فالورز ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے موجودہ وزیراعظم اولی کو ’دہشت گرد‘ کہا کیونکہ ان کے خیال میں اولی یہ نہیں سمجھتے کہ کسی کا بیٹا یا بیٹی کھونے کا درد کیا ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بلندر شاہ میئر کے طور پر اپنی خدمات کے دوران بدعنوانی کے خلاف کام کرنے، شہر میں اصلاحات لانے اور سوشل میڈیا پر فعال رہنے کے لیے یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے پیدل چلنے والوں کے لیے انفراسٹرکچر بہتر کیا، نجی اسکولوں کی ٹیکس چوری کے الزامات پر کارروائی کی، اور پبلک ایجوکیشن کے بہتر نگرانی کے لیے زور دیا۔

عبوری نمائندگی

’جین زی نیپال‘ گروپ نے ایک پالیسی تیار کی ہے جس میں بلندر شاہ کو نوجوانوں اور احتجاجی تحریکوں کی نمائندگی کے لیے عبوری نیوٹرل اتھارٹی کونسل میں شامل کرنے کا امکان بتایا گیا ہے۔ یہ کونسل ملک میں قانون قائم کرنے اور تقریباً 18 ماہ کے اندر انتخابات کے انعقاد کی تیاری میں مدد کرے گی۔

رائٹرز کے مطابق بلندر شاہ اس کونسل میں تکنوکریٹس اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں کے ساتھ بیٹھیں گے۔

بلندر شاہ نے کہا کہ وہ مظاہروں میں اس لیے شامل نہیں ہوئے کیونکہ ان احتجاجی مظاہروں میں زیادہ تر 26 سال سے کم عمر لوگ تھے، لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان نوجوانوں کی بات سننا ضروری ہے۔

منگل کو انہوں نے مظاہرین کو آئندہ چیلنجز کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’اب آپ کی نسل کو ملک کی قیادت کرنی ہوگی! تیار رہیں!‘












##نیپال
#احتجاج
#جین زی