انڈونیشیا میں سیلاب سے عمارت گر گئی، ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی

11:0511/09/2025, Perşembe
جنرل11/09/2025, Perşembe
ویب ڈیسک

انڈونیشیا کے دو صوبوں میں اچانک سیلاب میں ہلاک افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے، جبکہ حکام نے بدھ کو کہا کہ 10 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پیر سے ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے ایسٹ نوسا ٹینگارا صوبے اور سیاحتی جزیرے بالی میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔

جیمبرانا، گیانیار اور بادونگ کے علاقوں میں چار لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

ایجنسی کے مطابق 600 متاثرہ افراد میں سے تقریباً 200 کو اسکولوں اور مساجد میں منتقل کر دیا گیا ہے کیونکہ ان کے گھروں میں اب بھی پانی موجود ہے۔

بالی کی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ ای نیومن سداکاریا نے کہا کہ بالی کے شہر ڈینپاسر میں سیلاب کے باعث دو عمارتیں گر گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بالی انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک رسائی محدود کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں مرکزی شاہراہوں پر ہر جگہ پانی دیکھا گیا جس کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا۔

ای نیومن کے مطابق تقریباً 200 ریسکیو اہلکار روانہ کیے جا چکے ہیں۔

انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو نے متاثرہ لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور قومی ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ کو کہا کہ وہ بالی جا کر امدادی کام کی نگرانی کریں اور لوگوں کی بنیادی ضرورتیں پوری کریں۔

ایجنسی کے مطابق متاثرہ افراد کو خیمے، کھانا، کمبل، گدے، پانی نکالنے والی مشینیں اور ربڑ کی کشتیاں دی گئی ہیں۔




#موسمیاتی تبدیلی
#انڈونیشیا
#سیلاب