
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ یروشلم کے مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق دو ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل کی ایمبولینس سروس کے مطابق یروشلم میں فائرنگ سے چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔
اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ واقعہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق سوا دس بجے یروشلم کے نواحی علاقے راموت کے مقام پر پیش آیا۔ دو افراد نے ایک بس اسٹاپ پر بس کا انتظار کرنے والے لوگوں پر فائر کھول دیا۔
پولیس کے مطابق ایک فوجی اور کچھ شہریوں نے حملہ آوروں کو روکنے کے لیے جوابی فائرنگ کی جس سے دونوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق واقعہ یروشلم کے مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔ واقعے کی کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر موجود ہیں جن میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
ایمبولینس سروس کے مطابق ہلاک افراد میں چار مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ 11 افراد زخمی بھی ہیں جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیدون سعار نے کہا ہے کہ مسلح افراد فلسطینی تھے جن کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے سے تھا۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ جائے واقعہ پر پہنچے اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز حملہ آوروں کی مدد کرنے والوں کو تلاش کر رہی ہیں۔
حماس نے دو فلسطینی ’مزاحمتی جنگجوؤں‘ کو حملہ کرنے پر سراہا ہے لیکن حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ اسلامی جہاد نامی ایک اور فلسطینی تنظیم نے واقعے کو سراہا ہے لیکن ذمے داری قبول نہیں کی۔

جس جگہ یہ واقعہ ہوا، یہ یروشلم کا وہ علاقہ ہے جس پر اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران قبضہ کیا تھا اور اسے اپنے علاقے میں شامل کر لیا تھا۔ اس الحاق کو اقوامِ متحدہ اور بیش تر ملک تسلیم نہیں کرتے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے فوجیوں کو علاقے میں بھیج دیا ہے اور تین مشتبہ لوگوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ ساتھ ہی مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ کے مضافاتی علاقوں میں بھی کارروائی کر رہی ہے۔