
انڈیا نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنے ’ٹیکنیکل مشن‘ کو سفارتخانے کا درجہ دے کر اسے بحال کردیا ہے۔ یہ اعلان افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے دورہ انڈیا کے ایک ہفتے بعد کیا گیا۔
یاد رہے کہ 2021 میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد انڈیا نے اپنا سفارتخانہ بند کردیا تھا جس کے بعد اس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک محدود مشن کھولا تھا۔
انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ افغانستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے انڈیا کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس مہینے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے دورہ انڈیا کے دوران اعلان کیا تھا کہ کابل میں موجود انڈیا کے ٹیکنیکل مشن کو جلد ہی سفارتخانے کا درجہ دیا جائے گا۔
کابل میں صرف کچھ ممالک کے سفارت خانے کام کررہے ہیں لیکن روس کے سوال کسی ملک نے افغانستان کی طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔






