خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکہ، 14 سیکیورٹی اہلکار زخمی

15:1611/11/2025, منگل
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

منگل کو ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی خود کش حملہ ہوا ہے جب کہ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے وانا کیڈٹ کالج میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی درمیان لڑائی جاری ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں منگل کو دھماکہ ہوا ہے جس میں 14 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ دھماکہ ایسے موقع پر ہوا ہے جب منگل کو ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی خود کش حملہ ہوا ہے جب کہ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے وانا کیڈٹ کالج میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی درمیان لڑائی جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والا حملہ ریموٹ کنٹرولڈ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور نشانہ سیکیورٹی فورسز کا قافلہ تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھاری نقصان پہنچا اور 14 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ڈی آئی خان کے ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق تین اہلکاروں کی حالت نازک ہے۔

حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پیر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف آپریشنز کے دوران 20 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ ان میں سے آٹھ شمالی وزیرستان اور 12 درہ آدم خیل کے علاقے میں ہلاک کیے گئے تھے۔ جب کہ چار دہشت گردوں کو بلوچستان کے ضلع قلات میں بھی ہلاک کیا گیا۔

##ڈیرہ اسماعیل خان
##دھماکہ
##سیکیورٹی اہلکار