انڈیا کا ’پہلگام حملے میں ملوث تین پاکستانی دہشت گرد‘ ہلاک کرنے کا دعویٰ

11:3329/07/2025, Tuesday
جنرل29/07/2025, Tuesday
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے منگل کو اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد پاکستانی تھے۔ ان کے بقول سرینگر کے مضافات میں فوج، پیراملٹری اور پولیس نے پیر کو مشترکہ آپریشن کیا جس کے دوران یہ دہشت گرد مارے گئے۔

انڈیا کے وزیرِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پیر کو کشمیر میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے جو اپریل میں ہونے والے پہلگام حملے میں ملوث تھے۔

وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے منگل کو اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد پاکستانی تھے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے صدر مقام سرینگر کے مضافات میں فوج، پیراملٹری اور پولیس نے پیر کو مشترکہ آپریشن کیا جس کے دوران یہ دہشت گرد مارے گئے۔

وزیرِ داخلہ نے یہ بیان انڈین پارلیمنٹ میں دیا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ مارے گئے لوگ واقعی پہلگام حملے میں ملوث تھے اور پاکستانی تھے۔

مگر امیت شاہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کو ان لوگوں نے شناخت بھی کیا ہے جنہوں نے پہلگام واقعے سے پہلے انہیں کھانا اور پناہ دی تھی۔

انہوں نے فرانزک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیر کو مقابلے کی جگہ سے جو رائفل کی گولیوں کے خول ملے ہیں وہ پہلگام واقعے میں استعمال ہونے والے اسلحے سے میچ کر گئے ہیں۔

اپریل میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملہ ہوا تھا جس میں 26 افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ نئی دہلی نے اس واقعے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے پاکستان میں میزائل حملے کیے تھے جس کے بعد دونوں ملکوں کی جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔

پاکستان نے اس حملے میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

(یہ تفصیلات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں)
##انڈیا
##پاکستان
##پہلگام