
ترکیہ اور قطر نے بدھ کے روز 11ویں ترکیہ-قطر ہائی اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر متعدد معاہدوں اور ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دوحہ میں ہائی اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے ایوانِ امیر میں علیحدہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔
’ترکیہ اور قطر کے درمیان ہائی اسٹریٹجک کمیٹی کے 11ویں اجلاس کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ‘ پر ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان اور قطری وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے دستخط کیے۔
’اسٹریٹجک ترقیاتی منصوبہ بندی کے مختلف شعبوں میں تعاون اور تجربات کے تبادلے‘ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر ترکیہ کے وزیرِ خزانہ و مالیات مہمت شِمْشَک، وزیرِ تجارت عمر بولاط، اور قطر کی نیشنل پلاننگ کونسل کے سیکریٹری جنرل عبدالعزیز بن ناصر الخلیفہ نے دستخط کیے۔
وزارتِ تجارتِ ترکیہ اور وزارتِ تجارت و صنعتِ قطر کے درمیان مشترکہ بیان پر ترک وزیرِ تجارت عمر بولاط اور قطری وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی آل ثانی نے دستخط کیے۔
دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر ترکیہ کے دفاعی صنعت کے ادارے کے صدر ہالک گورگون اور قطر کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی آل ثانی نے دستخط کیے۔
قطر کے سرکاری دورے کے اختتام پر صدر اردوان اور ان کا وفد بدھ کے روز عمان روانہ ہوگیا، جو ان کے تین روزہ خلیجی دورے کا آخری مرحلہ ہے۔











